اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورمیں ڈاکٹر سیدہ عارفہ زہرا کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورمیں ڈاکٹر سیدہ عارفہ زہرا کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کی سماجی اصلاح، انسانی حقوق کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی.وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران

بہاولپور: شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام ممتاز دانشور، محقق، ماہرِ تعلیم اور خواتین کے حقوق کی علمبردار ڈاکٹر سیدہ عارفہ زہرا (22 جون 1937ء – 10 نومبر 2025ء) کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا۔

تعزیتی ریفرنس کے شرکاء نے ڈاکٹر سیدہ عارفہ زہرا کی علمی میراث، انسانی حقوق کے لیے ان کی جدوجہد، ثقافت و تہذیب کے فروغ، اور صنفی مساوات کے سلسلے میں ان کی گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا پاکستان کی علمی و فکری دنیا کا روشن ترین نام تھیں۔ وہ نہ صرف ایک معتبر استاد اور محقق تھیں بلکہ اخلاقیات، سماجی اصلاح، انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کے مطابق، ڈاکٹر عارفہ زہرا کی وفات اہلِ علم اور اردو زبان و ادب کے قدردانوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی نے اپنے اظہارِ خیال میں انہیں ہمدردی، سمجھ بوجھ، دانشمندی اور سماجی بصیرت کی ایک روشن علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عارفہ زہرا کی شخصیت نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

تعزیتی ریفرنس میں چیئرمین شعبہ میڈیا اسٹڈیز ڈاکٹر عدنان ملک، چیئرمین شعبہ اپلائیڈ سائیکولوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم، ڈپٹی رجسٹرار فاطمہ مظاہر، فیکلٹی ممبران عابدہ نورین، شفق منظور، آغا صدف مہدی سمیت یونیورسٹی کے دیگر اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔


Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے