افواج نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص میں دشمن کو تاریخی شکست سے دوچار کیا
بہاولپور: کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے بہاولپور ڈویژن کے ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداروں نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان نے دشمن قوتوں کو تقویت پہنچائی۔ وطن عزیز کی حفاظت اور مضبوطی کے لئے دل وجان سے ہر قربانی دینے کیلئے ہروقت تیار ہیں۔
بہاول پور پریس کلب میں ڈویژن بھر کے ٹکٹ ہولڈرز،عہدیداروں اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 162 سے کالعد م تحریک لبیک پاکستان کے ٹکٹ ہولڈراور علما ونگ جنوبی پنجاب کے صدرقاری محمد اطہر کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے اور ہمارے ادارے ملکی بقا اور سلامتی کے لیے سر حدوں سمیت ہر محاذ پر نبرد آزما اور سرگرم عمل ہیں۔
قاری محمد اطہر کا کہنا تھا کہ ہماری بہادر افواج نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص میں دشمن کو تاریخی شکست سے دوچار کیاتو بزدل دشمن نے اپنی شکست کی ہزیمت کو چھپانے کے لئے وطن عزیز میں خلفشار کو ہوا دینا شروع کر رکھا ہے۔ کالعد م تحریک لبیک پاکستان کے احتجاج نے دشمن قوتوں کو تقویت پہنچائی جبکہ فتنہ الخوارج نے تحریک لبیک پاکستان سے وابستگی کا اعلان کیا۔
لاتعلقی کا اعلان کرنیوالے رہنماؤں نے کا کہنا تھا کہ ہماری بہادر افواج مشرقی اور مغربی سر حدوں پر خطرات سے نبرد آزما ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان نے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی حرمت کو سیاسی نعرے کے طور پر استعمال کیا ہم اس سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے ملکی دفاع میں اپنی فوج او ریاست کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔
کالعدم تحریک لبیک پاکستان سے لاتعلقی کا اعلان کرنیوالوں میں این اے 171 اورپی پی 259 کے ٹکٹ ہولڈر اورسابق امیر پی پی260محمد نعیم، این اے 162اور پی پی 244 کے ٹکٹ ہولڈر اور صدر علما ونگ جنوبی پنجاب محمد اظہر،این اے 161اور پی پی 240 کے ٹکٹ ہولڈر محمد اختر وٹو،این 172 اور پی پی 262 کے ٹکٹ ہولڈر رانا شاہد اکرم،این اے 169 اورپی پی 225 کے محمد عمران سعیدی،این اے 169 اور پی پی 257 کے ٹکٹ ہولڈر اور نائب امیر پی پی 257 احمد محمود،این اے 169 اورپی پی 257 کے ٹکٹ ہولڈر و امیر پی پی 257راشد رفیق، این اے 172 اورپی پی 262 کے ٹکٹ ہولڈر محمد عباس،این اے 170اور پی پی 258 کے سابق امیر اور ایس ایم ٹیم ہیڈ ڈاکٹر حسن محمود چشتی،این اے 174 اورپی پی 265 کے ضلعی ناظم صادق احمدناظم انتظامیہ بہاولنگر قاری عبدالطیف قادری اور ٹکٹ ہولڈر پی پی 252سید محبوب شاہ شامل تھے۔

