کراچی: پہلی بار منعقد ہونے والے دو روزہ نیول میڈیسن سیمینار 2025 کے افتتاحی سیشن کا کراچی میں انعقاد ہوا۔ یہ سیمینار بحری طبی سہولیات اور میری ٹائم میڈیکل سپورٹ کے شعبے میں علاقائی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ یہ سیمینار ویسٹرن پیسیفک نیول سمپوزیم کے تحت پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ویسٹرن پیسیفک نیول سمپوزیم کے 28 ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی مندوبین کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل میڈیکل سروسز (نیوی) سرجن ریئر ایڈمرل رضوان صادق نے پاک بحریہ کی طبی شعبے میں اعلیٰ معیار، انسانی ہمدردی پر مبنی معاونت اور علم کے تبادلے کے ذریعے بین الاقوامی شراکت داری کے فروغ کے عزم کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں کمانڈنٹ پی این ایس شفا نے سیمینار کے موضوع کا تعارف کراتے ہوئے جدید بحری طبی خدمات کی تشکیل میں جدت، مؤثر قیادت اور مضبوط پیشہ ورانہ عزم کی کلیدی اہمیت پر زور دیا۔
سیمینار کے پہلے روز کے سیشنز میں پیشہ ورانہ مباحثے شامل تھے۔ ان سیشنز میں شرکاء نے بھرپور شرکت اور پیشہ ورانہ تبادلۂ خیال کے ذریعے جدید بحری طبی خدمات اور آپریشنل میڈیکل سپورٹ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
یہ سیمینار نیول میڈیسن، پریوینٹیو ہیلتھ کیئر، اور سمندر میں میڈیکل ریڈینس کے لئے خیالات، تجربات اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے کا ایک نہایت مؤثر پلیٹ فارم ہے، جو باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور علاقائی بحری افواج کے مابین پیشہ ورانہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا ذریعہ ثابت ہو گا۔

