اسلام آباد، 07 فروری 25: بنگلہ دیش بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد نظم الحسن نے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف سے نیول ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں ملاقات کی۔ معزز مہمان امن ڈائیلاگ میں بھی شرکت کریں گے جو کثیر القومی میری ٹائم مشق امن کے ساتھ ساتھ منعقد ہو رہا ہے۔
نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں، معزز مہمان نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور نیول ہیڈکوارٹرز کے پرنسپل اسٹاف آفسرز سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران، باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی میری ٹائم سیکورٹی اور دونوں ممالک کی بحریہ کے درمیان دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تعاون کے مختلف طریقوں بشمول تربیت، دوروں کا تبادلہ، اور پاکستان اور بنگلہ دیش کی بحری افواج کے درمیان دوطرفہ بحری مشقوں کے انعقاد پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ نیول چیف نے خطے میں میری ٹائم سیکورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر زور دیا۔ سربراہ بنگلہ دیش بحریہ نے خطے میں باہمی تعاون پر مبنی میری ٹائم سیکیورٹی کو فروغ دینے میں پاک بحریہ کے کردار اور شراکت کو سراہا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے امن ڈائیلاگ میں شرکت پر سربراہ بنگلہ دیش بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔ پاک بحریہ کے زیر اہتمام پہلا امن ڈائیلاگ خطے میں بحری سلامتی کے چیلنجز اور مواقع پر جامع بحث کو فروغ دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف بنگلہ دیش کے حالیہ دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات مزید مضبوط اور وسیع ہوں گے۔