حکومت پنجاب اور بورڈ آف ریونیو کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر آفس بہاولپور کے سبزہ زار میں ریونیو عوامی خدمت سروس کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے کیمپ میں آنے والے شہریوں کے محکمہ ریونیو سے متعلق مسائل سنے اور متعدد درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
ریونیو عوامی خدمت سروس کے دوران ضلع بھر کی تحصیلوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے معاملات جن میں ریکارڈ کی درستگی، فردِ ملکیت کا اجرا، انتقالات کا اندراج، رجسٹری سے متعلق امور، انکم سرٹیفکیٹ، ریکارڈ معائنہ، ڈومیسائل کے اجرا اور محکمہ مال سے متعلق دیگر درخواستیں شامل تھیں، پر کارروائی کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ہر ماہ کے پہلے دو دن ریونیو عوامی خدمت سروس کا باقاعدہ انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ شہریوں کے مسائل کو بروقت اور شفاف انداز میں حل کیا جا سکے۔
کیمپ میں شہریوں کے لیے سایہ دار نشستوں، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کا انتظام کیا گیا تھا۔ شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کیے جن پر ڈپٹی کمشنر نے فوری کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب، اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو عملہ بھی موجود تھا۔

