لاہور۔8مئی (اے بی سی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا ہے کہ معرکہ حق اور بنیان مرصوص کا ایک سال مکمل ہونا پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔آج پاکستانی قوم اتحاد، استحکام اور قومی یکجہتی کی سالگرہ منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عسکری حکمت عملی اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا بلکہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کو نمایاں کامیابیاں دلائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک سیکرٹریٹ این اے 127میں معرکہ حق و بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت ساجدہ فاروق تارڑ نے کی جبکہ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی زینب ہاشم بھٹہ،رکن پنجاب اسمبلی بی بی وڈیری،سونیا اشعر، رشدہ لودھی،سا ق ایم پی اے فرح دیبا، ڈاکٹر ثانیہ کھیڑا، مسزشہباز کھوکھر، مسزنصیر بھٹہ،وفاقی وزیر کے پی ایس اوشہبازطالب،کشورباجوہ،سعدیہ،مہوش،طاہرہ اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور حلقہ کی خواتین کی کثیر تعداد بھی موجودتھیں۔ ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہیں جنہوں نے ہر محاذ پر اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے جدید جنگی حکمت عملی، مضبوط دفاعی تیاری اور بروقت فیصلوں کے ذریعے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے داخلی استحکام، قومی اتحاد اور موثر سفارتی حکمت عملی کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور عسکری قیادت کے درمیان مثالی ہم آہنگی کی بدولت پاکستان نے نہ صرف خطے میں اپنی پوزیشن مضبوط کی بلکہ عالمی برادری میں بھی اپنا موقف موثر انداز میں پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بنیان مرصوص صرف ایک معرکہ نہیں بلکہ قومی اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کی علامت بن چکا ہے۔ مقررین نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج اور ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قومی بیانیے کو موثر انداز میں ملکی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا اور پاکستان کے موقف کو بھرپور انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔تقریب میں ملکی سلامتی، قومی یکجہتی، ترقی و خوشحالی اور شہدا کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی جبکہ شرکا نے قومی پرچم لہرا کر اور کیک کاٹ کر بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ منائی۔ تقریب کے اختتام پر شرکا نے پاکستان زندہ باد اور پاک افواج کے حق میں نعرے بھی لگائے

