تشدد کی سیاست پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکی ہے، راولپنڈی فائرنگ واقعہ نے پی ٹی آئی کا مذموم ایجنڈا اور عزائم بے نقاب کر دیئے ہیں، وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تشدد کی سیاست پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکی ہے، پی ٹی آئی پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی، اس کا مقصد ملک میں امن و امان کی صورتحال کو تباہ کرنا اور ملکی ترقی کا راستہ روکنا ہے، راولپنڈی فائرنگ واقعہ نے پی ٹی آئی کے مذموم ایجنڈے اور عزائم سب کے سامنے بے نقاب کر دیئے ہیں۔ منگل کو راولپنڈی مال روڈ پر پی ٹی آئی کارکن کی فائرنگ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ راولپنڈی مال روڈ پر پیش آنے والا واقعہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کی سیاست کرنا اور اسلحہ سے لیس ہو کر آنا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے، راولپنڈی میں پی ٹی آئی کارکن کی جانب سے سکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کی کال بھی دی گئی ہے جبکہ اس کے ماضی کے تمام احتجاج ریکارڈ پر ہیں جن میں کارکن اسلحہ سے لیس ہو کر آئے اور پولیس و رینجرز کے اہلکاروں کو شہید کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی، آج کے واقعہ سے اس کے مقاصد اور عزائم پوری قوم کے سامنے آ گئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی مال روڈ پر دن دیہاڑے مسلح ہو کر فائرنگ کا واقعہ تشدد کی سیاست کی واضح مثال ہے۔ تشدد پی ٹی آئی کا نظریہ ہے جو سیاست پر یقین رکھتی ہے، ان کا کوئی ایک احتجاج بھی پرامن نہیں رہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کے واقعہ سے کئی اہم حقائق دنیا کے سامنے آئے ہیں، پی ٹی آئی کے کارکن سے پارٹی کا جھنڈا اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ پی ٹی آئی کے کسی بھی احتجاج کے پیچھے ملک میں انارکی پھیلانا اور امن و امان کو تباہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ عمل میں آیا، جب بھی پاکستان کو عالمی سطح پر عزت ملتی ہے یا ملک کے لئے کوئی اہم پیشرفت ہوتی ہے، یا کسی دوسرے ملک کا سربراہ پاکستان کا دورہ کرتا ہے تو پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کا اعلان کر دیا جاتا ہے۔ اب بھی انہوں نے لانگ مارچ کی کال دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عالمی سطح پر عزت میں اضافہ پی ٹی آئی کو ہضم نہیں ہو رہا، یہ ہر اہم موقع پر احتجاج کا اعلان کر دیتے ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاجوں کے پیچھے مذموم مقاصد ہیں جن کا مقصد اسلحہ سے لیس ہو کر آنا، فائرنگ کرنا، امن و امان کو تباہ کرنا اور ملک کو نقصان پہنچانا ہے جس کا آج پوری دنیا نے مشاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ پاکستان ترقی کا سفر جاری رکھے گا، ملکی قیادت ترقی اور خوشحالی کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ پاکستان اور پاکستانی عوام کو ہر محاذ پر کامیابی حاصل ہوگی اور پاکستان کے دشمنوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
