یوٹیوب نے مونیٹائزیشن پالیسی میں بڑی تبدیلی کر دی، اب 4 نہیں 8 ہزار گھنٹے واچ ٹائم حاصل کرنا ہوگا
نئے صارفین کو گزشتہ 90 دن میں 2 کروڑ سے زائد شارٹس ویوز حاصل کرنا ہوں گے, اطلاق یکم فروری 2027 سے ہوگا
دنیا بھر میں لاکھوں افراد کے لیے آمدنی کا اہم ذریعہ بننے والے یوٹیوب نے مونیٹائزیشن کے لیے درکار اہداف مزید سخت کردیئے ہیں، نئی شرائط کے تحت نئے تخلیق کاروں کو پارٹنر پروگرام میں شمولیت کے لیے پہلے سے زیادہ واچ ٹائم اور ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شامل ہونے کے بعد تخلیق کار اشتہارات، چینل ممبرشپ، سپر چیٹ اور مرچنڈائز سمیت مختلف ذرائع سے آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔نئی پالیسی کے مطابق طویل ویڈیوز کے ذریعے مونیٹائزیشن کے خواہشمند صارفین کے لیے گزشتہ 12 ماہ میں مطلوبہ واچ ٹائم 4 ہزار گھنٹے سے بڑھا کر 8 ہزار گھنٹے کردیا گیا ہے، جبکہ سبسکرائبرز کی کم از کم تعداد ایک ہزار برقرار رہے گی۔شارٹس کے ذریعے مونیٹائزیشن کے لیے بھی ہدف دگنا کردیا گیا ہے۔ اب نئے صارفین کو گزشتہ 90 دن میں 2 کروڑ سے زائد شارٹس ویوز حاصل کرنا ہوں گے، جبکہ پہلے یہ حد ایک کروڑ ویوز تھی۔یوٹیوب کے مطابق نئی شرائط کا اطلاق یکم فروری 2027 سے ہوگا، تاہم جو صارفین پہلے ہی یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ ہیں، ان پر اس تبدیلی کا براہ راست اطلاق نہیں ہوگا۔کمپنی نے واضح کیا ہے کہ پارٹنر پروگرام میں شامل رہنے کے لیے شارٹس کریئیٹرز کو 90 دن کے دوران ایک کروڑ ویوز کی حد برقرار رکھنا ہوگی۔ ہدف پورا نہ ہونے کی صورت میں صارف پارٹنر پروگرام میں شامل رہ سکے گا اور طویل ویڈیوز سے آمدنی حاصل کرتا رہے گا، تاہم شارٹس سے دوبارہ کمائی شروع کرنے کے لیے اسے 90 دن میں ایک کروڑ ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔یوٹیوب کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کا مقصد پلیٹ فارم پر تیزی سے بڑھتی سرگرمیوں کے ساتھ رفتار برقرار رکھنا ہے۔ کمپنی کے مطابق یوٹیوب پر روزانہ 200 ارب سے زیادہ شارٹس ویڈیوز دیکھی جاتی ہیں، جبکہ صرف ٹی وی اسکرینز پر صارفین روزانہ تقریباً ایک ارب گھنٹے یوٹیوب ویڈیوز دیکھتے ہیں۔نئی شرائط کے بعد بالخصوص شارٹس پر انحصار کرنے والے نئے تخلیق کاروں کے لیے مونیٹائزیشن حاصل کرنا اور مقررہ ویوز برقرار رکھنا پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہوسکتا ہے۔
