بدھ. جنوری 8th, 2025

ترنول میں امن و امان کی خراب صورت حال مقامی کاروبار کو بری طرح متا ثر کر رہی ہے۔عبد الرحمن صدیقی

By News Desk جنوری3,2025

اسلام آباد: تاجر برادری کاروبار کی ترقی کے ذریعے ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے پرعزم ہے تاہم کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو متعلقہ حکومتی اور انتظامی عہدیداران کو دور کرنا چاہیے۔جہاں تک اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ICCI)کا تعلق ہے تو وہ ان چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر عبدالرحمن صدیقی نے تلہ گنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بانی صدر ملک شبیر اعوان کی قیادت میں ترنول سے آنے والے ایک بڑے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے مبارکباد پیش کرنے کے لیے آئی سی سی آئی کا دورہ کیا۔
عبد الرحمن صدیقی نے ترنول کو دارالحکومت کاایک اہم کاروباری مرکز قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ صرف اجتماعی کوششیں ہی کاروبار کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کر سکتی ہیں، مواقع پیدا کر سکتی ہیں اور کمیونٹی کو زیادہ خوشحالی کی طرف لے جا سکتی ہیں۔ انہوں نے حاضرین کو یقین دلایا کہ ICCI ترنول سے تجاوزات کے خاتمے،پانی کی قلت کودور کرنے، سڑکوں کی ناقص صورتحال میں بہتری، سٹریٹ لائٹنگ اور خاص طور پر امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال جیسے مسائل کو متعلقہ حکام کی توجہ دلاتے ہوئے حل کرے گا تاکہ کاروبار کو پھلنے پھولنے کے قابل بنایا جا سکے۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے مقامی کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے آئی سی سی آئی کے عزم کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر خطے میں سازگار کاروباری ماحول قائم کرنے میں کامیاب ہو گا۔ آئی سی سی آئی کے سابق صدر، کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ کے چیئرمین اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کی کور کمیٹی کے رکن احسن ظفر بختاوری کی جانب سے انہوں نے اعلان کیا کہ ترنول میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگایا جائے گا تاکہ تاجر برادری اور مقامی رہائشیوں کو فائدہ پہنچے۔

تلہ گنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بانی صدر ملک شبیر اعوان نے ایک ایسے ماحول کو فروغ دینے کے لیے آئی سی سی آئی کی کوششوں کو تسلیم کیا جو انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے لیے کوشاں ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری برادری کے اندر باہمی تعاون تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔
آئی سی سی آئی کے قائم مقام سینئر نائب صدر، ناصر محمود چوہدری نے کہا کہ اہم چیلنجوں سے نمٹنے اور خطے میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ایکٹینگ نائب صدر ملک عبدالعزیز نے وفد سے ان کے دورے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے اور سازگار کاروباری ماحول کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب میں آئی سی سی آئی کے کئی ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی جن میں ایگزیکٹو ممبران روحیل انور بٹ، ملک محسن خالد، ذوالقرنین عباسی کے علاوہ تنزیل اعوان، ملک فیاض حیدر، اختر تنولی اور دیگر شامل تھے۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے