کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں کی زیر صدارت ڈویژنل ایگریکلچر کمیٹی کا اہم اجلاس میں بہاول پور ڈویژن کے اضلاع بہاول پور،بہاولنگر اور رحیم یارخان میں گندم اگاؤ مہم کے انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔
ڈویژنل ایگریکلچر کمیٹی اجلاس میں کمشنر مسرت جبیں نے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم کی کاشت کے دوران ہر ممکن سہولیات اور رہنمائی فراہم کی جائے اور محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیمیں کھیتوں میں جا کر کسانوں کی رہنمائی کو یقینی بنائیں اور گندم کی بہتر پیداوار کے لیے پانی کی بلا تعطل فراہمی ہر ممکن یقینی بنائی جائے۔
حکومت کی جانب سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آئندہ فصل کے لیے گندم کا سرکاری ریٹ 3500 روپے فی من مقرر کیا گیا ہے۔
ڈویژنل ایگریکلچر کمیٹی اجلاس میں بتایا گیا کہ بہاولپور ڈویژن میں رواں موسم میں گندم کی کاشت کا ہدف 26 لاکھ 83 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے اور اس ہدف کو مکمل کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کو فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، محکمہ زراعت، انہار اور کاشتکار تنظیموں کے نمائندگان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور گندم اگاؤ مہم سے متعلق اپنی رپورٹس پیش کیں۔

