اسلام آباد سیکٹر جی 13 اور جی 14/4 میں عیدالاضحیٰ پر خدمات سر انجام دینے والے مینٹیننس، واٹر سپلائی ونگز اور سینیٹری اسٹاف کے اعزاز میں ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی کیپٹن ریٹائرڈ محمد ظفر اقبال کا استقبالیہ
اسلام آباد سیکٹر جی 13 اور جی 14/4 میں معزز الاٹیز اور رہائشیوں کو عید کے موقع پر بہترین پانی کی سپلائی اور صفائی کا انتظام کرنے پر واٹر سپلائی اور سینیٹری پر مامور ملازمین کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ اتھارٹی کیپٹن ریٹائرڈ محمد ظفر اقبال نے کہا کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی کی عزت اور ترقی کے لئے کام کیا گیا ہے۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر زیرو واٹر شارٹیج آپریشن کو کامیاب بنانے والے ملازمین مبارکباد اور حوصلہ افزائی کے مستحق ہیں جنہوں نے عید پر ایک ملین گیلن پانی کا بندوبست کیا تاکہ سیکٹر جی 13 اور جی 14/4 میں معزز الاٹیز کو عید پر کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
معزز الاٹیز کو پانی کی فراہمی اور صحت و صفائی کا کام عید کے ایام میں بھی جاری رہا جس سے ادارے پر شہریوں کا اعتماد بحال ہوا۔ ہاؤسنگ اتھارٹی سیکٹرز اور معزز الاٹیز کی خدمت کرنے والے ملازمین و افسران کی حوصلہ افزائی ہر سطح پر کی جائے گی۔ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی اپنے معزز الاٹیز کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور جولائی، اگست کے ماہ میں متعلقہ سیکشن کی کارکردگی کی نگرانی کی جائے گی۔
ڈی جی ہاؤسنگ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ اگر اسی طرح کام جاری رکھا گیا تو اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ڈی جی ہاؤسنگ اتھارٹی نے تاکید کی کہ بل بورڈ اور پینافلیکس کے ذریعے "پانی بچاؤ” مہم چلائی جائے جس میں سیکٹر جی 13 اور جی 14/4 کے رہائشیوں کو پانی کے بے دریغ استعمال کے نقصانات سے آگاہ کیا جائے۔ بصورت دیگر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
استقبالیہ میں ڈائریکٹر جنرل کیپٹن ریٹائرڈ محمد ظفر اقبال، دیگر افسران، اور عید الاضحیٰ پر خدمات سر انجام دینے والے ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملازمین نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ اپنے افسران کے ساتھ بیٹھا کر حوصلہ افزائی کرنے پر ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ اتھارٹی کے شکر گزار ہیں۔