کراچی اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان نے کنیکٹ ہیئر(ConnectHear) کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ پاکستان کی پہلی ورچوئل سائن لینگویج انٹرپریٹیشن ایپلی کیشن پر عمل درآمدکیا جاسکے۔ یہ جدید ایپ سماعت سے محروم افراد کو بلا روک ٹوک مواصلات کے قابل بناتی ہے ، جس سے انہیں محض ایک بٹن دبانے پر تشریح (interpretation)کی خدمات تک فوری رسائی فراہم ہوتی ہے۔
یہ ایپلی کیشن ملک بھر میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کی 10برانچوں میں شروع کی جائے گی، جس سے بینک کے صارفین کے لیے رسائی اور مالی شمولیت میں اضافہ کو یقینی بنایا جائے گا۔ کلائنٹ کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے علاوہ ، یہ ایپ سماعت سے محروم ملازمین کی بھرتی اورتعاون میں بھی اہم کردار ادا کرے گی ، جس سے کام کی زیادہ جامع جگہ کو فروغ ملے گا۔
اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کی ہیڈ ،ویلتھ اینڈ ریٹیل بینکنگ ،سعدیہ ریاض نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری رکاوٹوں کو دور کرنے اور سب کے لیے رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے ہم مالیاتی خدمات میں شمولیت کے لیے ایک معیار قائم کر رہے ہیں جبکہ سماعت سے محروم افراد کو معیشت میں مکمل طور پر حصہ لینے کے لیے بااختیار بنا رہے ہیں۔ یہ اقدام نہ صرف اسٹیٹ بینک کے مالیاتی شمولیت کے مشن سے مطابقت رکھتا ہے بلکہ صارفین اور ملازمین دونوں کے لیے متنوع اور جامع ماحول کی تعمیر کے لیے ہماری لگن کی عکاسی کرتا ہے۔
کنیکٹ ہیئر کے شریک بانی اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر، اَرحم اشتیاق نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ تعاون ایک حقیقی اور جامع ماحول تخلیق کرنے کے ہمارے وژن کو تقویت دیتا ہے جہاں ہر شخص ترقی کر سکے۔ اپنی ورچوئل سائن لینگویج تشریح ٹیکنالوجی کے ساتھ، ہم مالی شمولیت کو فروغ دے رہے ہیں، سماعت سے محروم ملازمین اور صارفین دونوں کو مکمل طور پر حصہ لینے اور مالی ماحولیاتی نظام سے فائدہ اٹھانے کے لیے بااختیار بنا رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ انہیں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کے ساتھ اپنے سفر میں مکمل مدد ملے۔
اسٹینڈرڈ چارٹرڈ اپنےصارفین ، ساتھیوں اور برادریوں کے لیے مالی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے رکاوٹوں کو دور کرنے، رسائی میں اضافہ کرنے اور مکالمہ پیدا کرنے کا دیرینہ عزم رکھتا ہے۔ یہ شراکت داری اس کام کا تسلسل ہے جو بینک نے حالیہ برسوں میں تنوع اور شمولیت کے حوالے سے کیا ہے جس میں معاون ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور کام کی جگہ پر مطابقت و موافقت فراہم کرکے نمایاں پیش رفت شامل ہے۔ بینک کی شاخیں معیار کے جامع ڈیزائن ذریعے مکمل طور پر قابل رسائی ہیں اور جامع بینکاری کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔
شمولیت کے حوالے سے کنیکٹ ہیئر جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا اختراع ساز ہے، جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے رسائی کے فرق کو دور کرنے کے لیے وقف ہے۔ افراد کو بااختیار بنانے اور شمولیت کو فروغ دینے کے مشن کے ساتھ ، کنیکٹ ہیئر متعدد خدمات پیش کرتا ہے ، جن میں ورچوئل سائن لینگویج کی تشریح ، حساسیت کی تربیت ، جامع ملازمت کی جگہ اور آگاہی کے اقدامات شامل ہیں۔ ایک مساوی معاشرے کی تشکیل کے لیے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ، کنیکٹ ہیئر رسائی کے لیے نئے معیارات قائم کرنا جاری رکھے ہوئے ہے ، ایسے روابط کو فروغ دیتا ہے جو رکاوٹوں کو عبور کرتے ہیں۔