بدھ. دسمبر 11th, 2024

ازبکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کا قومی زرعی تحقیقی مرکز، اسلام آباد کا دورہ

By News Desk دسمبر11,2024

اسلام آباد، پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (شعبہ تعلقات عامہ) ازبکستان کے سفیر علی شیر عثمانوف کی قیادت میں ازبکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے قومی زرعی تحقیقاتی مرکز (NARC) اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفد میں ازبکستان کی وزارت زراعت کے سیکرٹری اکمل قسیموف، ڈائریکٹر جنرل پلانٹ پروٹیکشن ابراہیم ایرگاشیف اور ازبک سفارت خانے کے کمرشل کونسلر بخروم یوسفوف شامل تھے۔
اس موقع پر پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (PARC) کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی نے وفد کو کونسل کے تحقیقی اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر علی نے کونسل کے متعدد اہم منصوبوں پر روشنی ڈالی جن میں ایروپونک ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بیماری سے پاک آلو کے بیج کی پیداوار، جینوم پر مبنی ٹیکنالوجی کے ذریعے زیادہ پیداوار اور آب و ہوا سے ہم آہنگ فصلوں کی نئی اقسام کی تیاری اور نئی اقسام کی تیاری کے لیے رفتار افزائش کی سہولت (سپیڈ بریڈنگ)شامل ہیں۔ ڈاکٹر علی نے زراعت میں جدت اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پی اے آرسی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر کونسل کے اشتراک پر بھی روشنی ڈالی جن میں یو ایس ڈی اے، ACIAR،  TIKA اور کوریائی حکومت کے ساتھ جاری منصوبے شامل ہیں۔
ازبک سفیر نے پی اے آر سی کی طرف سے کی جانے والی جدید زرعی تحقیق کو سراہتے ہوئے، آلو کے بیج، کپاس، گندم اور مویشیوں کی افزائش نسل جیسے اہم شعبوں میں تعاون اور علم کے اشتراک کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کونسل کے ساتھ تعاون دونوں ممالک کو درپیش زرعی چیلنجوں سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وفد نے اہم تحقیقی سہولیات کا بھی دورہ کیا، جن میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ برائے جینومکس اینڈ ایڈوانسڈ بائیو ٹیکنالوجی (NIGAB)، آلو کے بیج کی پیداوار کی ایروپونک سہولت، تیز رفتار افزائش کی سہولت (سپیڈ بریڈنگ)، اور لائیو اسٹاک ریسرچ اسٹیشن (ایل آر ایس) شامل ہیں۔ ازبک وفد کا دورہ پاکستان میں زرعی ٹیکنالوجیز میں جدت کے لیئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ دونوں اطراف کے رہنماؤں نے اس دورے کو ازبکستان اور پاکستان کے درمیان جاری تعاون اور علم کے تبادلے کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگ میل کے طور پر اجاگر کرتے ہوئے زرعی تحقیق اور ترقی میں مستقبل میں تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے