ابوظہبی۔:ابوظہبی بین الاقوامی کتاب میلہ پیر کو یہاں شروع ہو گیا جس میں پاکستانی پبلشرز اور ادبی شخصیات کی جانب سے نمائندگی کی جارہی ہے یہ میلہ 29 اپریل سے 5 مئی تک ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہو رہا ہے۔
ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پاکستانی پبلشرز کے ساتھ ساتھ پاکستانی ادب اور ڈرامے کے بارے میں دو پینل بھی میلے میں اظہارخیال کریں گے۔متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے بھی کتاب میلے کا دورہ کیا۔یہ عالمی میلہ دنیا کے سب سے اہم ثقافتی پلیٹ فارمز میں سے ایک ہےجو ہر سال متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں منعقد ہوتا ہے۔
ابوظہبی بین الاقوامی کتاب میلہ کتب بینی کو فروغ دینے، ثقافت اور علم کو مقامی، علاقائی اور عالمی سطح پر پھیلانے کے مقصد کے ساتھ مختلف ثقافتوں کو اکٹھا کرتا ہے۔یہ ہر سال اشاعت اور تخلیقی صنعتوں کے رہنماؤں کو بھی یکجا کرتا ہے جو اس شعبے سے وابستہ افراد کے لیے امید افزا مواقع فراہم کرتا ہے۔