ہفتہ. ستمبر 14th, 2024

ایتھوپیا۔پاکستان بزنس فورم کا ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا میں انعقاد، 5 سو تاجروں کی شرکت

ایتھوپیا۔پاکستان بزنس فورم کا ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا میں انعقاد، 5 سو تاجروں کی شرکت

ایتھوپیاپاکستان بزنس فورم کا انعقاد ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا میں ہوا جس میں 5 سو تاجروں کی شرکت کی۔ پیر کو ایتھوپیا کے سفارتخانہ سے جاری بیان کے مطابق ایتھو۔پاکستان بزنس فورم میں زراعت اور ایگرو پروسیسنگ، مینوفیکچرنگ، کان کنی، سیاحت اور آئی سی ٹی سمیت متنوع اقتصادی شعبوں سے تعلق رکھنے والے 500 سے زائد کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ ایتھوپیا کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور برتوکان ایاانو اور وزیر تجارت اور علاقائی یکجہتی گیبریمسکل چالا اور انڈسٹریل پارکس کے سی ای او اکلیلو تادیسی نے مہمان خصوصی کے طور پر فورم میں شرکت کی۔ ایتھوپیا کے انویسٹمنٹ کمیشن، ایتھوپیا انوسٹمنٹ ہولڈنگ اور انڈسٹریل پارکس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے سینئر حکام بھی فورم میں شریک ہوئے۔ پاکستان کی طرف سے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیئرمین زبیر موتی والا، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر عبدالغفور ملک، صدر سندر انڈسٹری اینڈ ٹریڈ ایسوسی ایشن ملک اظہر علی، ایئر سیال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فضل جیلانی اور دیگر بڑی کاروباری شخصیات سمیت سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں نے شرکت کی۔ ایتھوپیا کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور برتوکان ایانو نے بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے دوسرے تجارتی وفد کا حصہ بننے والے مندوبین کا شکریہ ادا کیا۔ اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارت خانے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایتھو۔پاکستان بزنس فورم پاکستان کی تاجر برادری کو ایتھوپیا میں کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیر نے کہا کہ ایتھوپیا کی خارجہ پالیسی کی اولین توجہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے سمیت برادر ممالک سے تجارت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے برآمدات کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں جو معیشت، صحت اور تعلیم میں بڑھتے ہوئے تعاون سے پروان چڑھ رہے ہیں۔ ایتھوپیا کے تجارت اور علاقائی انضمام کے وزیر گیبرے میسکیل چالا نے کہا کہ ایتھوپیا کی حکومت اقتصادی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور وہ ایتھوپیا میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے وسیع کوششیں کررہی ہے۔ انڈسٹریل پارکس کے سی ای او اکلیلو تادیسی نے فورم کو سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ساتھ 13 جدید ترین صنعتی پارکس کے بارے میں آگاہ کیا۔ پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات بڑھ رہے ہیں، ایتھوپیا کے سفارتخانے نے اپنے قیام کے ڈیڑھ سال کے دوران پاکستانی تاجروں کے دو بڑے تجارتی وفود ایتھوپیا بھیجے ہیں۔ ایتھوپیا میں پاکستان کے سفیر عاطف شریف میاں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کے لیے ایتھوپیا سے بڑے کاروباری اور تجارتی وفد پاکستان بھیجنے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان زبیر موتی والا نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے بینکنگ سیکٹرز کے درمیان تعاون کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ بزنس فورم کے بعد ایتھوپیا کے متنوع اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستان کے دوسرے کاروباری اور تجارتی وفد کے لیے ایتھوپیا کی سرمایہ کاری ہولڈنگ کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے مواقع پر ایک پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا۔ ایتھو۔ پاکستان بزنس فورم میں بزنس ٹو بزنس میٹنگز بھی ہوئیں جہاں دونوں ممالک کے معاشی شعبوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں نے تعاون اور اشتراک کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے