اسلام آباد، اکتوبر 24: عالمی رائیڈ ہیلنگ پلیٹ فارم ان ڈرائیو نے پاکستان میں اپنا پہلا الیکٹرک وہیکل فلیئٹ متعارف کروا دیا۔ ایزی بائیک کے تعاون سے ان ڈرائیو نے اسلام آباد میں الیکٹرک گاڑیوں کا چارجنگ اسٹیشن بھی متعارف کروایا، جس سے یہ پاکستان کی پہلی رائیڈ ہیلنگ کمپنی بن گئی ہے جس نے الیکٹرک بائیکس کو اپنی سروس کا حصہ بنایا ہے ۔ یہ اقدام ملک میں ماحول دوست سفری سہولتوں اور بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں کے پیش نظر ایک اہم پیش رفت ہے۔
پائلٹ پروجیکٹ کے تحت، ان ڈرائیو نے باقاعدہ طور پر روایتی موٹر سائیکلز کو بیٹری سے چلنے والی الیکٹرک بائیکس میں تبدیل کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ نئے متعارف کردہ الیکٹرک بائیک چارجنگ اسٹیشن، ان ڈرائیو کے پٹ اسٹاپ پر موجود ہے ۔یہ اسٹیشن بائیک ہیلنگ ڈرائیورز اور کورئیرز دونوں کی خدمت کرے گا ۔ جس کی بدولت کم اخراجات پر مبنی ماحول دوست سروس کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان ڈرائیو پاکستان کی پی آر اور کمیونیکیشن منیجر سدرا کرن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ، "ہم پاکستان میں اس اقدام کے آغاز پر بہت خوش ہیں۔ ایز ی بائیک کے ساتھ الیکٹرک وہیکل فلیئٹ کے آغاز کے لیے ہماری شراکت داری ہماری پائیدار شہری نقل و حمل کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔ الیکٹرک بائیکس اور چارجنگ اسٹیشن متعارف کروا کر، ہم اپنے کاربن کے اثرات کو کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم اٹھا رہے ہیں جبکہ صارفین کو محفوظ، قابل اعتماد، اور ماحولیاتی دوست آپشن فراہم کر رہے ہیں۔ یہ ان ڈرائیو کا پاکستان میں سبز سفر کا آغاز ہے۔”
ایزی بائیک کے سی ی او علی معین نے شراکت داری کے حوالے سے اپنے خیالات کا ا اظہار کرتے ہوئے کہا: ” پاکستان میں صاف اور پائیدار نقل و حمل کے مستقبل کو تیز کرنے کے لئے ہم ان ڈرائیو کے ساتھ شراکت داری پر خوش ہیں۔ ہماری جدید بیٹری سوئپنگ ٹیکنالوجی کو ان ڈرائیو کے وسیع نیٹ ورک کے ساتھ ملا کر، ہم صارفین کو بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں کا سستا متبادل فراہم کر رہے ہیں۔ ہم مل کر نہ صرف ڈرائیورز کے اخراجات کم کرنے میں مدد کر رہے ہیں بلکہ آلودگی اور شہری ہوا کے معیار پر ایک دیرپا اثر بھی ڈال رہے ہیں۔”
ان موٹر سائیکلز کو الیکٹرک میں تبدیل کرنے سے مضر اخراج میں نمایاں کمی کی توقع ہے۔ موٹر سائیکلز کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے شہروں میں ہوا کی آلودگی کا ایک بڑا سبب ہیں۔ اس پائلٹ پروجیکٹ کے ذریعے، ان ڈرائیو کا مقصد روایتی بائیکس کو ماحولیاتی لحاظ سے دوستانہ الیکٹرک متبادل سے تبدیل کرنا ہے، تاکہ نقل و حمل کے شعبے کے مجموعی کاربن کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔